میلبورن(سپورٹس ڈیسک) بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کرکٹرز سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے سنائی جانے والی سزاوں کو قبول کرتے ہوئے اپیل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ بال ٹیمپرنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے ساتھ نرمی نہیں کی گئی۔ ہمیں علم ہے کہ پابندی کا شکار کرکٹرز کھیل میں واپس آئیں گے۔ سابق نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپیل نہ کرنے سے متعلق بورڈ کو آگاہ کردیا ہے، اپنے کیے پر معذرت خواہ ہوں اور سزا قبول کرتا ہوں۔ اب اچھا انسان بننے کے لیے سب کچھ کروں گا اور کوشش کروں گا کہ اچھا ٹیم پلیئر اور رول ماڈل بنوں۔بال ٹیمپرنگ کی سزا پانے والے سٹیو سمتھ اور کیمرون بینکرافٹ پہلے ہی پابندیاں قبول کر چکے تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے بال ٹیمپرنگ کیس میں سٹیون سمتھ پر ایک سال اور کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی جس کے دوران وہ کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔