فاٹا کا ”قومی دھارے میں آنا ضروری‘ قبائلیوں نے امن کیلئے بھاری قیمت چکائی“ آرمی چیف

Apr 06, 2018

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر +آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز جنوبی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیا۔ وانا اور مکین میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا جبکہ کراچی میں مارے جانے والے نقیب اللہ محسود کے والد اور بچوں سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قبائلی عمائدین اور عوام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دہشت گردوں کے ہاتھوں اور بعد ازاں آپریشنوں کے دوران قبائلی عوام نے مشکل دور گزارا۔ اب ہم کامیابیوں کے اثرات کو مستحکم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے قبائل پر زور دیا وہ کسی کو بیش بہا قربانیوں اور قومی خزانہ کی قیمت پر حاصل کردہ کامیابیوں کو گہنانے کی اجازت نہ دیں۔انہوں نے کہا علاقہ میں دائمی امن کیلئے فاٹا کو عوامی امنگوں کے مطابق مرکزی دھارے میں لانا ضروری ہے۔ مکین میں نقیب اللہ محسود کے والد سے ملاقات میں انہوں نے ان کے بیٹے کی وفات پر تعزیت کی اور یقین دلایا کہ حصول انصاف میں فوج ان کی ہرممکن مدد کرے گی۔آئی این پی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا فاٹاکی قومی دھارے میں شمولیت ضروری ہے ،قبائلیوں نے امن کی بحالی کیلئے بھاری قیمت ادا کی،اب علاقے میں استحکام اور ترقی کامرحلہ جاری ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان میں دو میگاپراجیکٹس کا افتتاح کیا جس میں ایک وانا میں ایگریکلچر پارک اور مکین میں مارکیٹ کا افتتاح شامل ہے۔ آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فاٹاکوقومی دھار ے میں لاناقبائلیوں کی خواہش ہے۔ قبائلی عوام کسی کوامن خراب کرنےکی اجازت نہ دیں،ہم نے امن کیلئے بیش بہاقیمتی خون دیا۔اس موقع پرقبائلی عمائدین نے امن کی بحالی،ترقیاتی کاموں پرپاک فوج کاشکریہ اداکیا اور یقین دہانی کرائی پائیدار امن کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
آرمی چیف دورہ

مزیدخبریں