اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو مسترد کر دیا۔ عمران خان نے کہا پہلے چوری کرو پھر دھن کو سفید کرو آج تک ٹیکس ایمنسٹی سکیم کامیاب نہیں ہوئی۔ الیکشن سے پہلے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا کیا مقصد ہے۔ شاہد خاقان عباسی کے پاس مشکل سے کچھ مہینے ہیں۔ وزیراعظم پیغام دے رہے ہیں ایماندار لوگ بیوقوف ہیں۔
سلام آباد/ لاہور (آن لائن+ آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے ارکان نے ایمنسٹی سکیم کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی کا اجلاس قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی قرار داد منظور کرلی ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کمیٹی کے رکن سید نوید قمر نے کہا ٹیکس ایمنسٹی سکیم قائمہ کمیٹی خزانہ میں پیش کی جائے۔ ارکان پارلیمنٹ سے ٹیکس ایمنسٹی سکیم کو چھپایا جا رہا ہے، یہی رویہ جاری رہا تو پارلیمنٹ کا وقار ختم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا یہ نہیں ہوسکتا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مری میں بیٹھ کر ٹیکس ایمنسٹی سکیم جاری کر دیں۔ کمیٹی کے رکن رشید گوڈیل نے کہا کالے دھن کو سفید کرنے کی سکیم کی مخالفت کرتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق سابق چیئرمین سینٹ سینیٹر رضا ربانی نے ٹیکس نہ دینے والوں کیلئے ایمنسٹی سکیم کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے کالے دھن کو صاف کرنے کی ایمنسٹی سکیم متعارف کروائی، ایسی سکیمیں امیروں کےلئے لائسنس ہیں وہ غیرقانونی طریقوں سے دولت کمائیں بیرون ملک بھیجیں اور پھر اس طرح کے قانون کے ذریعے غیر قانونی دولت کو واپس لے آئیں۔ ایمنسٹی سکیم کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے حکومت کی کالے دھن کو صاف کرنے کی ایمنیسٹی سکیم کی سختی سے مذمت کی اور اس کی سینٹ میں بھرپور مخالفت کرنے کا کہا۔ انہوں نے مزید کہا ماضی میں بھی ایسی سکیمیں رائج کی گئیں لیکن اس کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ بدقسمتی سے موجودہ حکومت کی تمام تر اقتصادی پالیسیاں بگ بزنس کے لئے ترتیب دی گئی ہیں جبکہ مڈل کلاس، پروفیشنل اور محنت کشوں کے لئے صرف بالواسطہ اور بلاواسطہ ٹیکسز اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بوجھ ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے حکومت کے 2 ماہ رہ گئے اب ایمنسٹی سکیم لا رہی ہے۔ نگران وزیراعظم کے نا پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ نواز شریف پارلیمنٹ کی بالادستی قبول نہیں کر رہے۔ عمران خان خیبر پی کے کو سنبھالیں، انہیں وہاں سے نکالا جا رہا ہے۔ آن لائن کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ نے وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا ایمنسٹی سکیم سے منی لانڈرنگ کرنیوالوں کو فائدہ پہنچایا گیا، وزیراعظم کی پریس کانفرنس معاشی محاذ پر مکمل ناکامی کا اعلان تھی، 7 لاکھ نہیں پاکستان کا ہر مزدور، کلرک، کسان اور شہری ٹیکس دیتا ہے، وزیراعظم نے اپنی ہی حکومت کی بیڈ گورننس اور نا اہلی کا پردہ چاک کیا۔ زاہد حسین نے کہا الیکشن کے اخراجات پورے کرنے کےلئے بیرون ملک پڑی بلیک منی کو دو فی صدٹیکس سے وائٹ کیا جائیگا، بجٹ سے پہلے ایمنسٹی سکیم کا اعلان بدنیتی پر مبنی ہے۔ بشارت جسپال نے کہا وزیراعظم کی پریس کانفرنس مایوس کن اور انکی اپنی ہی حکومت کا نوحہ تھی۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ پریس کانفرنس پانچ سالہ لوٹ مار کی بلیک منی کو وائٹ میں تبدیل کرنے کےلئے تھی جسکا نام ایمنسٹی سکیم رکھا گیا۔ مسلم لیگ ن 3بار اقتدار میں آئی اور 9بار اس نے ایمنسٹی سکیمیں متعارف کروائیں۔
پی پی/ متحدہ/ مخالفت