لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر محض باتوں اور دعوئوں سے آزاد نہیں ہوگا ، اس کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی جائے اور عالمی سطح پر بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کو نمایاں کرنے کے لیے مہم چلائی جائے۔ آئندہ بجٹ میں باقاعدہ اس کے لیے رقم مختص کی جائے ۔ دینی مدارس کو اپنے لیے خطرہ سمجھنے والا دہشتگرد امریکہ منبر ومحراب اور قرآن کو نظر آتش کر رہاہے ۔ قندوز مدرسہ پر بمباری کر کے امریکہ نے 200 سے زیادہ حفاظ قرآن بچوں ، اساتذہ اور شہریوں کو شہیدکیا مگر بزدل مسلمان حکمرانوں نے اس کی مذمت تک نہیں کی ۔ حکمرانوں نے مساجد و مدارس کے حوالے سے اپنا رویہ نہ بدلا تو دین کے ان قلعوں سے اٹھنے والے انقلاب کو کوئی روک نہیں سکے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے مرکز علوم اسلامیہ منصورہ میں ختم بخاری اور دستار بندی کی تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک، پروفیسر محمد ابراہیم خان ، ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی حافظ محمد ادریس و دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی دستار بند ی کی گئی ۔ سینیٹر سراج الحق نے قندوز مدرسے پر امریکی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ اسلام دشمنی میں بائولا ہوگیا ہے ۔ اقوام متحدہ اور نام نہاد عالمی عدالت کا دوغلا کردار اور مجرمانہ خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی دہشتگردی کے خلاف کوئی زبان کھولنے کو تیار نہیں۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ نے 1945 میں ناگاساکی اور ہیروشیما پر ایٹم بم گرا کر انسانیت کے خلاف جس دہشتگردی کا آغاز کیا تھا ، وہ آج تک اسے جاری رکھے ہوئے ہے اور اب اس نے اپنا اصل ہدف مسلمانوں کو بنا لیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ نیٹو افواج افغانستان سے نکل جائیں ، ان کی موجودگی خطے کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمارے دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کو لڑایا جائے ۔ بھارت ایک سازش کے ذریعے افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر رہاہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ دیا تو اس کے اندر جگہ جگہ بغاوت ہوگی اور 70 سے زائد آزادی کی تحریکیں بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے کردیں گی۔ انہوں نے کہاکہ آٹھ اپریل کو مینار پاکستان کے سبزہ زار میں پنجاب بھر کے لاکھوں نوجوان جمع ہو کر ملک میں اسلامی انقلاب کا عہد کریں گے۔
نیٹو افواج افغانستان سے نکل جائیں، موجودگی بہت بڑا خطرہ ہے: سراج الحق
Apr 06, 2018