عمران خان کے آنے سے سیاست میں شرافت ختم ہوگئی: اسفند یارولی

پشاور (بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ باچا خان اور ولی خان کے افکار کی روشنی میں پختونوں اور تمام مظلوم قومیتوں کی بقاء کیلئے آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے، اٹھارویں ترمیم کو رول بیک نہیں کرنے دینگے، اگر پختونوں کو سی پیک میں حصہ نہیں دیا جاتا تو وزیراعظم سے اپیل ہے کہ اس روٹ کا نام بدل دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی ضلع لوئر دیر کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ عام سے کیا۔ جلسے سے اے این پی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور این اے 6 سے پارٹی کے نامزد امیدوار زاہد خان اور ضلعی صدر حسین شاہ یوسف زئی نے بھی خطاب کیا۔ اسفند یار ولی خان نے اپنے خطاب میں فاٹا انضمام میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مزید لیت و لعل اور تاخیر مزید پیچیدہ مسائل کا پیش خیمہ بنے گی، اس لئے قبائلی علاقوں کو صوبے میں ضم کرکے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے، انہوں نے کہا کہ فاٹا کے تمام مسائل کا حل خیبر پی کے میں انضمام سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات کے موقعہ پر پی کے میں عوامی نیشنل پارٹی کے سوا تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی نے اپنا ضمیر کا سودا کیا، عمران خان ہمیشہ نواز شریف اور زرداری کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیتے رہے لیکن دنیا نے دیکھا کہ سینٹ الیکشن میں انہوں نے کس سے ہاتھ ملایا اور اپنے ارکان کس کی جھولی میں ڈال دیئے۔ اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ میں آصف علی زرداری کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس طرح کپتان کو بے نقاب کرکے عوام کے سامنے کھڑا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ ان کے ارکان بک گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپتان کے آنے کے بعد سیاست سے شفافیت اور شائستگی ختم ہوگئی ہے۔اے این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کا مسئلہ ہمیں درپیش ہے جس میں پختونوں کو کوئی حصہ نہیں دیا جارہا۔ انہوں نے شاہد خاقان عباسی سے التجا کی کہ کیوں نہ اب اس کا نام بدل کر چائینا پنجاب اکنامک کوریڈور رکھا جائے۔ اسفند یار ولی خان نے کہا کہ پانچ برس سے سراج الحق عمران خان کے اور مولانا فضل الرحمٰن نواز شریف کے اتحادی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن عمران خان کو برا بھلا کہتے رہے اورسراج الحق نواز شریف پر کرپشن کے الزمات لگاتے رہے، تب ان کو اسلام یاد نہیں تھا، اقتدار کے خاتمے کے ایام قریب آتے ہی دونوں کواسلام یاد آگیا اور آج تیسرا دن ہے۔

ای پیپر دی نیشن