زرعی سود کم کیا جائے‘ مجلس قائمہ : قرضوں کی تحقیقات کا معاملہ سٹیٹ بنک کو بھجوا دیا

Apr 06, 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے خزانہ نے معاف کرائے گئے قرضوں کی تحقیقات کا معاملہ سٹیٹ بنک کو بھیج دیا ہے اور ہدایت کی ہے 15 دن کے اندر اس بارے میں رپورٹ دی جائے تاکہ اس پر مناسب کارروائی کی جا سکے۔ کمیٹی نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی زرعی قرضوں پر سود کی شرح کو کم کیا جائے۔ اور یہ شرح 10 فیصد سے کم ہونی چاہئے۔ کمیٹی نے ہدایت کی ایف بی آر انکم ٹیکس قانون کے سیکشن 236 کے اور 236 سی کے تحت ٹیکس کے ریٹ کم کئے جائیں۔ کمیٹی نے جائیداد کی ویلیو کے حوالے سے سقوم دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کمیٹی نے سود کے خاتمہ کے حوالے سے ہدایت کی اس معاملہ کو آئین کے تحت حل کیا جائے۔ چین کے ساتھ فری ٹریڈ‘ ایگریمنٹ کے حوالے سے کمیٹی ارکان نے تحفظات ظاہر کئے اور کہا مقامی صنعت اور بزنس پر اس کے اثرات ہیں۔ جس پر وزیر مملکت برائے خزانہ نے ایف ٹی اے کے معاملہ پر سب کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

مزیدخبریں