کراچی (کرائم رپورٹر) کورنگی نمبر ساڑھے تین کی کچی آبادی مصطفی تاج کالونی میں نامعلوم افراد نے بوڑھے میاں بیوی کو قتل کرنے کے بعد نعشوں کو جلا ڈالا دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات جمعرات کو علی الصبح ہوئی اور نماز فجر کے لیے جانے والے نمازیوں نے گھر میں لگی ہوئی آگ کو دیکھ کر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی مقتول۔ 65سالہ شاہد خان عرف شیر خان ملتان کا رہنے والا تھا اور چند ماہ قبل ہی اس کی بیٹی کی شادی ہوئی تھی جو اورنگی ٹائون میں رہتی ہے جبکہ بیٹی کی شادی کے بعد شاہد خان اپنی بیوی شمیم کے ساتھ مصطفی تاج کالونی میں رہ رہا تھا اور وہاں ہی اس کی پرچون کی دکان تھی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 65سالہ شاہد خان اور اس کی بیوی 55سالہ شمیم کے چہروں اور گردن پر تیز دھار آلے کے زخم پائے گئے ہیں جس سے اندازہ ہے کہ انہیں قتل کرنے کے بعد گھر کو آگ لگائی گئی جبکہ مقتولین کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ مکان سے رقم اور طلائی زیورات بھی غائب ہیں۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔