اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان جیت گیا، دنیا ہارگئی، بے پناہ قربانیوں کے باعث آج پاکستان محفوظ ملک ہے، عالمی برادری کشمیر کا مسئلہ سمجھے اور حل کرے، ہم نے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو شکست دی جسے دنیا تسلیم کرے۔ اسلام آباد میں بین الاقوامی انسداد دہشت گردی فورم سے خطاب کرتے انہوں نے کہا پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف بھاری قیمت ادا کی۔ معاشی نقصانات بھی اٹھائے۔ دہشتگردی کی جنگ میں بینظیرجیسی سیاستدان سمیت قیمتی جانیں گنوائیں۔ انہوں نے کہا سانحہ اے پی ایس سے دہشتگردی کے خلاف جنگ نے نیا رخ اختیار کیا۔ کوئی ایسا ملک نہیں جس نے اپنے وسائل سے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی ہو۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد رہے اور قومی لائحہ عمل اختیار کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا بے پناہ قربانیوں کے باعث آج پاکستان محفوظ ملک ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانیں قربان ہوئیں۔ ضرب عضب، رد الفساد اور دیگر آپریشن شہروں اور سرحدی قبائلی علاقوں میں کیے گئے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے علاوہ کوئی ملک نہیں جس کی 2 لاکھ سے زائد فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لیا ہو۔ ہماری فوج، پولیس، سیاسی جماعتوں اور عوام کی کوششوں سے ملک آج پرامن ہے۔ پاکستان نے بے مثال ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا پہلی بار 1800 علمانے جہاد کے معنی اور خودکش حملوں پر فتویٰ دیا۔ پاکستان نے انتہا پسندی کا مقابلہ کیا اور کررہا ہے۔ چیلنجز اب بھی درپیش ہیں لیکن ہمیں آدھے بھرے گلاس کی طرف دیکھنا چاہیے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا پاکستان افغانستان میں امن کا خواہش مند ہے۔ پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں امن کا خواہش مند نہیں۔ پاکستان نے پہلی بار افغانستان کی سرحد پر باڑ لگانی شروع کی ہے۔ معیشت ٹریک پر آ گئی ہے اور سی پیک شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا پاکستان نے چیلنجز کے باوجود بے مثال ترقی کی۔ انہوں نے کہا افغانستان کے مسئلے کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔ قندوز جیسے واقعات شدت پسندی اور بنیادپرستی کا سبب بنتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا غربت کاخاتمہ اور روزگارکی فراہمی جمہوریت کی وجہ سے ممکن ہوتی ہے۔ ملک میں پائیدارترقی کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کوملک کے لیے خطرہ نہیں بننے دیں گے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بحالی کاکام کامیابی سے کیا۔ہمارے ہمسایہ ممالک میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں موجودہیں۔ دہشت گرد ان پناہ گاہوں سے پاکستان پرحملے کرتے ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے دن ختم ہوگئے اب ملک ترقی کریگا۔ سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی کے مواقع میسر ہوں گے۔ا نہوں نے کہا وژن 2025 ایک جمہوری پاکستان کی علامت ہے۔ وژن 2025 میں سماجی اصلاحات اورپولیس اصلاحات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا جمہوریت سے آزادی رائے، سماجی اور معاشی حقوق کوتحفظ ملتاہے۔ اسی نظام کی بنیاد سماجی انصاف اورانسانی حقوق ہیں، غربت کا خاتمہ اور روزگارکی فراہمی بھی اسی کی وجہ سے ممکن ہوتی ہے۔ سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی کے مواقع میسرہوں گے۔ وزیرداخلہ احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا عالمی امن کے لئے پاکستانی قوم نے اپنی جان مال سب قربان کیا۔ مشکلات کے باوجود عالمی اور علاقائی سطح پر دہشت گردی کے خلاف پرعزم رہا۔ دہشتگردی کے خاتمے سے ہی پاکستان اصل منزل کی جانب گامزن ہے۔ فورسز،سیاستدان اور میڈیا سمیت ہر شعبے نے دہشتگردی کے خلاف کردار ادا کیا۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے مؤثر اقدامات کئے۔ الزام تراشی کے بجائے باہمی تعاون سے دہشتگردی کو ختم کیا جاسکتا ہے۔مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان بھارت تنازعات حل نہیں ہوسکتے۔ پاکستان اور چین سی پیک کے ذریعے علاقائی روابط اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔اس فورم کے انعقاد کا مقصد دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ توقع ہے کہ ہم دہشتگردی کے خلاف متحد ہوکر کامیابی کا سفر طے کریں گے۔اے این این کے مطابق وزیر خارجہ آصف نے کہا دہشت گردوں کو ملک کے لئے خطرہ نہیں بننے دیں گے‘ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں‘ دہشت گرد ان گاہوں سے پاکستان پر حملے کرتے ہیں۔