عارفوالہ (نمائندہ نوائے وقت) اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جانے والے طیارے کے معائنہ کے لئے محکمہ سول ایوی ایشن لاہور کی ٹیم نے عارفوالا کا دورہ کیا، دو ممبران پر مشتمل سول ایوی ایشن کی ٹیم پہلے انجینئر و پائلٹ محمد فیاض کے گھر چک 32 ایس پی تابر پہنچی، بعدازاں ٹیم کے ممبران محمد فیاض کے ہمراہ متعلقہ تھانہ رنگشاہ گئے جہاں انہوں نے جہاز کا بغور مشاہدہ کیا، ڈپٹی مینجر سول ایوی ایشن اتھارٹی لاہور ائیرپورٹ نذیر احمد خاں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول ایوی ایشن حکام کی ہدایت پر یہاں آئے ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خاں کی سول ایوی ایشن کی نئی پالیسی کے تحت ایسے ہنر مند افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے انکی صلاحتیوں کو بروئے کار لایا جائیگا، انہوں نے کہا کہ محمد فیاض کی ائیر کرافٹ بنانے کی صلاحیتوں پر اسکی کاوشوں کو سراہتے ہیں اور اس بارے میں حکومت غور و خوض کے بعد اسکے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ دریں اثناء حکومت کی جانب سے محمد فیاض کی مالی امداد کیلئے اسے ساٹھ ہزار روپے مالیت کا چیک دیا گیا، بیت المال کمیٹی کے ایم ڈی عون عباس نے چیک اور سرٹیفکیٹ دیا۔