مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز) مقبوضہ بیت المقدس میں درجنوں یہودی آباد کار تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مسجد اقصیٰ پر دھاوابولا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی ۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے بتایا کہ یہودی آباد کار پولیس کی فول پروف سکیورٹی میں قبلہ اول میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی اور اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کیا۔ یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ کی قیادت شدت پسند یہودی مذہبی لیڈر یہودا گلیک نے کی۔ اس موقع پر مسجد کے محافظوں نے یہودیوں کو قبلہ اول میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی تو یہودیوں نے انہیں زدو کوب کیا۔ اسرائیلی پولیس نے بھی فلسطینی محافظوں کو پیچھے دھکیل دیا اور یہودی آباد کاروں کو آزادی کے ساتھ مسجد میں گھومنے کی اجازت دی گئی، یہودی آباد کاروں کی قبلہ اول پر یلغار کے وقت فلسطینیوں کی بڑی تعداد بھی مسجد اقصی میں جمع ہوگئی۔ فلسطینیوں نے یہودیوں کی اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کی کوشش کی مگر قابض فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین نے بتایاکہ یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز یلغار کے باعث مسجد اقصی میں کشیدگی پائی گئی ۔ مسجد اقصی کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر صہیونی فوج اورپولیس کی بھاری نفرتی تعینات رہی ۔