لاہور (نیوزرپورٹر)ترجمان وزیراعظم پاکستان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے،حکومت کا اس کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کو اخلاقی طور پر خود گرفتاری دینی چاہئے تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل بھی شامل تھے۔ یہ پنجاب اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن ہے انہیں عوام کے لیے رول ماڈل ہونا چایئے نہ کہ غنڈہ گردی، کار سرکار میںمداخلت اور نیب ٹیم کو زدو کوب کرتے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ حمزہ شہباز کی فیملی کے چار پانچ لوگ اسحاق ڈار،سلمان شہباز،حسن،حسین اور دیگر مٖفرور ہیں ان پر یقین نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ حمزہ اقتدار میں اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے،اب انہیں قوم سے لوٹے پیسے کا حساب دینا ہوگا۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ جس طرح مچھلی پانی کے بغیر تڑپتی ہے اسی طرح شریف خاندان اقتدار کے بغیر تڑپ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے لیکن انہیں لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہوگا۔ جب حدیبیہ پیپر مل میں انکے حق میں فیصلہ آتا ہے تو واہ واہ کرتے ہیں اور جب خلاف آئے تو اداروں پر تنقید کرتے ہیں۔ندیم افضل چن نے کہا کہ نیب کو سپریم کورٹ نے بغیر نوٹس گرفتاری کے مکمل اختیار دئیے ہیں۔ ترجمان وزیراعلی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نیب کی کارروائی کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ،حمزہ شہباز کی جانب سے نیب ٹیم کو زدوکوب کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اس کاروائی میں شامل نہیں تھی اگر پنجاب پولیس موجود ہوتی تو اس طرح غنڈہ گردی نہ ہونے دیتے،حمزہ شہباز کوئی ایسی شحضیت نہیں جن کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ 2003سے اب تک حمزہ کے اثاثوں میں85گناہ اضافہ ہوا ہے،ان پر منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر اطلاعات سیدصمصام بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ شریف حکومت کے 5پیارے اربوں ڈالر کا غبن کر کے بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں اور اب حمزہ شہبازکی گرفتار میں رکاوٹ ڈال کر قانون اور عدالت کی راہ میں روڑے اٹکائے گئے ۔( ن) لیگ کا بحیثیت سیاسی پارٹی کلچر اور تربیت ہی یہی ہے ۔