واشنگٹن(آن لائن+ صباح نیوز) بھارت کی مودی سرکار کو پاکستان کے خلاف عالمی محاذ پر ایک اور ہار پر شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، بھارت کا پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والے کشیدگی میں پاکستان کا ایف 16 مار گرانے کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کا کوئی طیارہ غائب نہیں، سب پاکستان کے پاس موجود ہیں۔ فارن پالیسی میگزین کی ایک رپورٹ نے بھارت کو شٹ اپ کال دے دی۔ رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے کہا گیا کہ بھارت نے پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گرایا۔ فارن پالیسی میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکی اہلکاروں کو آکر ایف 16 گننے کی پیشکش کی تھی ،جس کے بعد امریکی اہلکاروں نے پاکستان کے ایف 16 طیارے گنے ہیں اور ان کی تعداد پوری ہے۔امریکی عہدے داروں نے فارن پالیسی کو بتایا کہ بھارت نے جھوٹ بول کر عالمی برادری کو گمراہ کیا، ایف سولہ گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق پاکستان پر ایف 16 طیاروں کو استعمال کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔یاد رہے کہ بھارتی انتخابات سے صرف ایک ہفتہ پہلے نریندر مودی حکومت کا یہ ایک اور پول کھلا ہے۔ امریکی عہدیداروں نے بتایا کہ ایف 16 کے معاہدے میں طیارے کسی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے کی شرط نہیں۔ یہ یقینا خام خیالی ہوگی کہ ہم کوئی سامان بیچیں اور وہ جنگ میں پاکستان استعمال نہ کرے۔ بھارت نے جھوٹ بول کر عالمی برادری کو گمراہ کیا۔ ایف 16 گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔
پاکستان ایف 16کہیں بھی استعمال کرسکتا ہے، بھارت نے کوئی طیارہ نہیں گرایا
Apr 06, 2019