ہنرمند خواتین سے ماسک دستانے و دیگر سامان تیار کروایا جائے، وسیم اختر

Apr 06, 2020

کراچی (نیوز رپورٹر) میئر کراچی وسیم اخترنے وفاقی وصوبائی حکومت سے کہا ہے کہ وہ اُن ہنر مند خواتین کو جو گھروں پر سلائی کام کرتی ہیں اور اب لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روز گار ہیں انہیں کپڑا ور دیگر سامان دے کر ان سے کورونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی لباس، ماسک، دستانے اور دیگر سامان تیار کروایا جا ئے تاکہ انہیں روزگار مہیا ہوسکے، یہ بات میئر کراچی وسیم اختر نے معروف فیشن ڈیزائنر عاصم جوفا سے ملاقات کے موقع پر کہی، انہوں نے کہا کہ ایسی خواتین سے جن کے پاس اپنی سلائی مشینیں موجود ہیں ان سے کا م کروانے کے لئے این جی اوز سے رابطہ کرکے گھر بیٹھے کام لیا جاسکتا ہے تاکہ انہیں ان کاموں سے روزگار میسر آئے اور اسپتالوں میں حفاظتی لباس اور ماسک کی کمی کو دور کیاجاسکے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث شہر میں لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے روزمرہ کام کرنے والے ہزاروں افراد کو بے روز گاری کا سامنا ہے جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہوتے جارہے ہیں، مئیر کراچی وسیم اختر سے ملاقات میں عاصم جوفا نے تجویز پیش کی کہ وہ خواتین جو گھروں میں سلائی کا کام کرتی ہیں روزگار نہ ہونے کے باعث مشکلات پیش آرہی ہیں، اس لئیے بہتر ہو گا کہ حفاظتی لباس، ماسک دستانے، اور اسپتالوں میں استعمال ہونے والی مختلف کپڑوں کی اشیاء کی تیاری گھروں پر سلائی کرنے والی خواتین کے ذریعہ کرائی جائے مئیر کراچی نے اس تجویز سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اکے ساتھ گھریلوں کام کاج کرنے والی خواتین سے اپنے گھروں میں کام کرائیں اور انہیں بے روزگار نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ساڑھے پانچ سو سے زائد کچی آبادیوں میں لاتعداد گھرانے اپنی سفیدپوشی کا بھرم رکھنے کے لئے سڑکوں پر نہیں آتے لیکن انہیں بھی مدد کی سخت ضرورت ہے اس لئے وہ افراد اور ادارے ایسی ابآدیوں میں جاکر گھر گھر راشن پہنچانے کا انتظام کریں۔

مزیدخبریں