کرونا کیخلاف جنگ ہم سب نے ملکر لڑنی ہے: محسن لغاری

Apr 06, 2020

رحیم یار خان(بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن لغاری نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزراء تمام اضلاع میں کورونا وائرس بارے ضلعی اقدامات کی مکمل مانیٹرنگ اور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا کیخلاف جنگ ہم سب نے ملکر لڑنی ہے اور عوامی تعاون سے اسے شکست دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں انسداد کورونا اور عوامی حفاظت کے حوالہ سے بروقت اور موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے مشتبہ و کنفرم مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے والی میڈیکل ٹیم کی ضروریات کا بھی ترجیحی بنیادوں پر خیال رکھا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی اور بروقت اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت صورتحال گرفت میں ہے۔

مزیدخبریں