پی ایس ایل 5 کے ناک آؤٹ میچز کیلئے پی سی بی کو 2 ونڈوز مل گئیں

ملتان (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پی ایس ایل کے ملتوی شدہ ناک آؤٹ میچز رواں برس کے آخر میں کرانے کا خواہاں ہے۔ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کہتے ہیں کہ ہمارے اس مقصد کیلئے سال کے اواخر میں دو ممکنہ مختصر ونڈوز دستیاب ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح ناک آئوٹ میچز کا انعقاد ہوگا۔ امید رکھتے ہیں کہ ہر چیز ٹھیک ہو اور ہم میچز ری شیڈول کرسکیں۔مثالی صورتحال میں ہمیں تین سے چار روز چاہئیں، بورڈ اس پر کام کررہا ہے،جلد ہی فرنچائز مالکان سے بھی مشاورت کریں گے۔معلوم کیا جائے گاکہ باقی ماندہ میچز کس فارمیٹ کے تحت کھیلیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے سبب میچز ملتوی ہونے سے قبل ہم نے کوالیفائرز اور ایلی منیٹرز کو سیمی فائنلز اور فائنل میں تبدیل کیا تھا۔کوئی کہہ رہا ہے کہ ملتان ٹاپ پر ہے اسے چیمپئن قرار دیدیا جائے لیکن فرنچائز مالکان مختلف رائے رکھتے ہیں۔یہ کوئی مذاق نہیں کہ ٹرافی ملتان سلطانز کو دے دی جائے کیونکہ وہ گروپ سٹیج میں ٹاپ پر رہے تاہم اگر ہم کوشش کے باجود لیگ مکمل نہ کراسکے جیسا کہ دنیا میں کئی کھیلوں کے ساتھ ہوا ہے تو شاید ایسا کیا جاسکے۔دریں اثنا ملتان سلطانز کے شریک مالک علی ترین نے کہا ہے کہ ٹرافیز حاصل نہیں کی جاتیں، جیتی جاتی ہیں۔ نمبر ون پر رہنے کا مطلب ہماری ٹیم کا غلبہ ہے لیکن ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم جیت گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن