لاہور(نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مساجد کے خطیب اور دیگر عملے کیلئے بھی خصوصی راشن پیکج کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مساجد اور مدارس کی بجلی اور گیس کے بل بھی معاف کئے جائیں۔ کرونا کے معاملے پر عوام کو حفاظتی تدابیر کی آگاہی کیلئے علماء بھی اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں اور کوئی شک نہیں ہم سب نے ملکر ہی کرونا کو شکست دینی ہے۔ حکومت غر یب خاندانوں کو راشن کی فراہمی کیلئے اب دعوئوں سے آگے نکل کر عملی طور پر اقدامات کر ے۔ اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کی وجہ سے مساجد کے خطیب اور دیگر عملے کی مشکلات میں بھی دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت کسی قسم کی تاخیر کی بجائے مساجد کے عملے کیلئے بھی خصوصی طور پر راشن سمیت دیگر امداد کا اعلان کرے۔ مساجد کے معاملات کو چلانے کیلئے بھی حکومتی امدادی پیکج وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ جب ہم سب ملکر کرونا کے خلاف جنگ لڑ یں گے تو ہم ضرور اس جنگ میں کامیاب ہوں گے۔ بدقسمتی سے وفاقی اور پنجاب حکومت نے غر یب خاندانوں کیلئے ابھی تک صرف دعوے اور اعلانات ہی کیے ہیں۔ عملی طور پر غریب افراد آج بھی راشن کیلئے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں جو مسائل کے شکار خاندانوں کے ساتھ ایک اور ظلم ہے۔
مساجد کے خطیبوں و دیگر عملے کو بھی راشن پیکج دیا جائے: علامہ زبیر ظہیر
Apr 06, 2020