کرونا مزید 43ہلاکتیں نوجوانوں کو مرحلہ وار ویکسین کا اعلان 80سالہ بزرگوں کی گھر پر ہوگی

اسلام آباد+ لاہور+ لندن (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ سٹی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) صوبہ خیبر پی کے میں ایک اور ڈاکٹر کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ خیبر پی کے میں کرونا وائرس سے جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 51 ہو چکی ہے۔ صوبائی ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا ڈاکٹر محمد رفیق انتقال کر گئے، پولیس سروسز ہسپتال میں ڈینٹل سرجن تعینات تھے۔ مہلک عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید 43افراد جاں بحق اور 4323 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 821تک پہنچ گئی جبکہ 4323نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 92 ہزار 231ہو گئی۔ ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 61 ہزار 650 ہے۔ کرونا کے 3ہزار 587 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ لاہور سمیت پنجاب میں پھر کرونا کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور میں کرونا کیسز کی شرح 20.9 فیصد رہی۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر لاہور میں انتظامیہ نے 26 دکانیں، سٹورز، ریسٹورنٹس اور میرج ہال سیل کر دئیے۔ لاری اڈہ لاہور پر 12 مسافر ویگنیں بند کر دیں۔ کرونا کے پیش نظر ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کو بھی 11 اپریل تک بند کر دیا گیا تاہم بٹگرام کیمپس میں کلاسز بدستور جاری رہیں گی۔ این سی او سی نے کہا ہے کہ ملک میں 9 لاکھ 36 ہزار 383 افراد کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ گزشتہ ہفتے 2 لاکھ 65 ہزار 831 افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ این سی او سی نے بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے کرونا ویکسی نیشن کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پنجاب اور اسلام آباد میں 80  سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ویکسی نیشن گھر پر کی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان میں نوجوانوں کی ویکسی نیشن کا عمل مرحلہ وار شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسین کے عمل سے گزارا جائے گا۔ این سی او سی کا اہم اجلاس آج صبح 11بجے ہوگا۔ شفقت محمود اور ڈاکٹر فیصل سلطان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں وزارت تعلیم وصحت کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔ تعلیمی اداروں کو کھولنے سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔سندھ حکومت نے قیدیوں کو کرونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 57سال سے زائد عمر کے قیدیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ سول جج اویس رحمت اور سول جج عائشہ عالمگیر بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ تاحال ماتحت عدالتوں کے 23جج کرونا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ 30جج صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کرونا کیسز کے باعث لاہور کے 9 اور ملتان کے مزید 2 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ لاہور میں کیولری گراؤنڈ‘ پنجاب ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی‘ ماڈل ٹاؤن‘ ایف اور ای بلاک‘ داتا گنج بخش ٹاؤن میں راج گڑھ‘ چوہان روڈ‘ شادمان کالونی نمبر 1‘ اسلام پورہ‘ شاہ جمال اچھرہ میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ ملتان کی پیر کالونی اور اشرف کالونی میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کو ہفتہ اور اتوار کو بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ پیر کے روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے نوٹیفکیشن میں جاری کیا گیا۔ سندھ حکومت نے ہفتے کے دو روز ’’سیف ڈیز‘‘ قرار دیدیئے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ اور اتوار کو تمام کاروباری مراکز میں سیف ڈے ہو گا۔ ہفتے میں 2 چھٹیوں سے تذبذب پایا جاتا تھا۔ جمعہ اور اتوار کو کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔برطانیہ میں 12اپریل سے لاک ڈائون میں نرمی کا اعلان کر دیا گیا۔ وزیراعظم بورس جانسن کے مطابق دکانیں‘ پارک‘ لائبریریاں اور کمیونٹی ہال کھل جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن