اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مصنوعی مینڈیٹ والے وزیراعظم کو مہنگائی کیا ہر چیز مصنوعی نظر آتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ترجمانوں کے حوالے سے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے کرائے کے ترجمانوں کو مصنوعی ترقی اور خوشحالی کا بیانیہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے عمران خان نے مصنوعی منگائی کر کے اے ٹی ایمز اور مافیا کا بھلا کیا ہے اور اب مصنوعی مہنگائی کر کے عوام، اے ٹی ایمز اور مافیا کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ جب بنی گالہ کا خرچہ مافیا اور اے ٹی ایمز چلائیں گے تو عمران خان کو مہنگائی تو مصنوعی ہی لگے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر روز حکومتی ترجمانوں کو جھوٹ بولنے کا سبق دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 3 فیصد سے 14 فیصد ہو چکی ہے، تین سالوں میں کسی کو نوکری اور گھر نہیں ملا ، چینی 52 روپے سے 120 روپے کلو ہو چکی ہے، چینی میں چار سو ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا، آٹا 35 روپیہ سے 90 روپے ہو چکا ہے۔ دو سال میں 14000 ارب کا قرضہ لے لیا گیا، ترقی کی شرح 5.8 فیصد سے 0.4 رہ گئی، کشمیر کا سودا ہو چکا، سٹیٹ بنک آئی ایم ایف کے حوالے ہو گیا، بجلی 11 روپیہ یونٹ سے 24 روپیہ یونٹ ہو گئی، آٹے میں مافیا نے اربوں روپے کمائے، بی آر ٹی کی کرپشن اور دیگر حکومتی نااہلیوں کو ترجمان کس طرح اجاگر کریں گے۔