لاہور‘ سبی (نامہ نگار+ این این آئی) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے لاہور میں ڈیفنس کے علاقے بھٹہ چوک میں کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے5 دہشت گردوں ضیاء الرحمن، محمد اشتیاق، عبدالرحمن بٹ، ملک کاشف اور نظیف اللہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے نفرت انگیز مواد برآمد کرلیا اور وہ اپنی تنظیم کے لئے فنڈ اکٹھے کر رہے تھے۔ رقم، 40 کالعدم کتابیں، داعش کی رسیدیں بھی برآمد ہوئی ہے۔ دہشت گر دوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی لاہور میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے لاہور کے بعد بلوچستان میں بھی کارروائی کی‘ ایک دہشتگرد کو مار ڈالا۔ بلوچستان کے شہر سبی میں سی ٹی ڈی کی کاررروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ کارروائی خفیہ اطلاع پر بختیار آباد میں کی گئی تھی۔