علیم خان کی پہلی قسط سے تسلی نہیں ہوئی تو مزید بہت کچھ سامنے لائیں گے: شعیب صدیقی

Apr 06, 2022


لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب اسمبلی کے سابق رکن اور پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری جنرل پنجاب شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ فیاض الحسن چوہان اور شہباز گل و دیگر حواریوں کو خاطر جمع رکھنی چاہیے" ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے"۔ عبدالعلیم خان کے پاس ثبوتوں کے ساتھ بہت کچھ موجود ہے۔ اگر ان کی پہلی قسط سے تسلی نہیں ہوئی تو جلد ان کا یہ شکوہ دور کر دیا جائے گا اور عمران خان کا کیا دھرا سب کے سامنے لائیں گے۔ اپنے رد عمل میں شعیب صدیقی کاکہنا تھا کہ فیاض چوہان اپنی گفتگو کے ذریعے در حقیقت اپنی وزارت ثقافت کے گند کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے الحمراء او ر دیگر جگہوں پر جو گل کھلائے وہ سب کے سامنے ہیں۔ شعیب صدیقی نے کہا کہ اللہ کی شان دیکھیں شہباز گل جیسے فصلی بٹیرے جو آج شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کا 2018 سے پہلے پارٹی میں نام و نشان نہ تھا۔ شعیب صدیقی نے واضح کیا کہ عبدالعلیم خان نے پارٹی سے کچھ نہیں لیا اور جو کچھ دیا اس کے مخالفین بھی معترف ہیں۔ شعیب صدیقی نے کہا کہ شہباز گل بتائیں کہ ریور راوی کے پراجیکٹ میں ایس ایم عمران اور دیگر کون پارٹنر تھے جبکہ فیروز پور روڈ کے کمرشل منصوبے میں کس نے کس کے ایماء پر کتنا مال بنایا؟۔ اسی طرح لاہور کے ترقیاتی منصوبوں میں ایس ایم عمران اور گوھر اعجاز کے داماد کیونکر عثمان بزدار کے فنانسر بنے۔

مزیدخبریں