تربیلا (نامہ نگار)تربیلا ڈیم میں پانی کی صورت حال بدستور سنگین ، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈلیول 1392 فٹ پر برقرار ، پانی کی کمی سے تربیلا بجلی گھر کے 12پیداواری یونٹ بند، صرف 5 پیداورای یونٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ تربیلاڈیم میں پانی کی کمی سے صوبوں کو زرعی مقاصد کے لئے پانی کی فراہمی میں بھی کمی کا سامنا، پیداوار میں کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق تربیلا ڈیم کی ڈیلی رپورٹ کے مطابق تربیلاڈیم میں پانی کی صورتحال سنگین ہو چکی ہے۔ ڈیم میں پانی کی سطح بدستور گذشتہ 50 روز سے ڈیڈلیول 1392 فٹ پر برقرار ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد 22ہزار 8 سو کیوسک ہے جبکہ ڈیم سے پانی کا اخراج آمد کے مطابق کیا جارہا ہے۔ڈیلی رپورٹ میں بجلی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پانی کی کمی کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں بھی بڑی حد تک کمی کا سامنا ہے۔ تربیلا بجلی گھر میں بجلی کی پیداوار 304 میگاواٹ ہے ۔12پیداواری یونٹ بند ہیں صرف پانچ یونٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔