کراچی ( پ ر) الخدمت کا مواخات پروگرام بے روزگاروں کو ان پیروں پرکھڑا کر نے کیلئے کوشاں ہے ۔ملک بھر میں الخدمت کا یہ پروگرام جاری ہے ۔الخدمت چھوٹے کاروبار کیلئے 50ہزارروپے تک کے قرضہ دیتی ہے اور یہ قرضے بلاسود فراہم کیے جاتے ہیں،جبکہ اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر میں نوجوانوں کومفت ہنر سکھایا جا رہا ہے تاکہ نوجوان ملازمتوں کا انتظار کرنے کے بجائے ہنر سیکھ کا معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔یہ بات چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت 2021میں سیکڑوں افراد کو لاکھوں روپے مالیت کے قرضے فراہم کر چکی ہے اور اب تک قرض پروگرام سے ہزاروں لوگ استفادہ کر چکے ہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت سے جو لوگ قرض لیتے ہیں وہ آسان اقساط میں واپس بھی کر دیتے ہیں ۔ایک فرد کاروبار کرتا ہے تو اس کا پورا خاندان اس سے استفادہ کرتا ہے اوراس شخص کے گھر میں خوشحالی آتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ کورونا کے دنوں میں جب ملک مشکل کا شکار ہوا تو معیشت شدید متاثر تھی، اس دوران الخدمت سے قرضہ لینے والے بھی متاثر ہوئے۔ الخدمت نے انہیںخصوصی ریلیف فراہم کیا ۔انہوں نے کہا چھوٹے قرضے لینے والے بہت سے افراد آج خوشحال زندگیاں گزار رہے ہیں ،بعض افراد نے اپنے چھو ٹے کاروبار کواپنی محنت سے اتنی وسعت دی کہ آج وہ کئی ملازمین کو روزگار فراہم کر رہے ہیں ۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت نے نوجوانوں کو ہنر سکھانے کیلئے حال ہی میں پی آئی بی کالونی میں اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کا آغاز کیا ہے ،جس میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے الیکٹریشن اور ایڈونس ٹیلرنگ کے مفت کورسزکا آغاز کردیا ہے ،جبکہ وہاں دیگر کورسزکروانے کیلئے کلاسز کا آغاز جلد کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے یہ تمام کام اہل خیر کے تعاون سے سارا سال جاری رہتے ہیں ۔صاحب ثروت افراد اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر میں 6ہزارروپے ماہانہ فی فرد کے حساب سے الخدمت کی معاونت کر سکتے ہیں ۔