کراچی ( کامرس رپورٹر) رواں مالی سال پاکستان کی بنگلا دیش کو برآمدات میں 52 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بنک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران پاکستان نے بنگلا دیش کو 55 کروڑ 91 لاکھ ڈالر مالیت کی اشیاء اور خدمات فروخت کیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران پاکستان کی بنگلا دیش کو برآمدات کا حجم 37 کروڑ 56 لاکھ ڈالر سے زائد تھا۔ اس طرح رواں مالی سال برآمدات میں 52 فیصد سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔دوسری جانب بنگلادیش سے پاکستان کو درآمدات کے حجم میںکمی دیکھی گئی ہے۔سٹیٹ بنک کے مطابق فروری 2022ء میں پاکستان نے بنگلا دیش سے 74 لاکھ ڈالر کی اشیاء منگوائیں جبکہ گزشتہ سال اس مد میں پاکستان نے 86 لاکھ ڈالرز سے زائد رقم خرچ کی تھی۔رواں برس جنوری میں بنگلا دیش سے 89 لاکھ ڈالرز کا سامان آیا تھا، اس طرح ماہانہ بنیادوں پر بھی پاکستان کی بنگلادیش سے درآمدات میں 14 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔