’’لگتا ہے شاہین پہلے اوور میں میزائل چھوڑے گا‘‘

Apr 06, 2022

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے پہلے اوور کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔پی سی بی کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، کوچ ثقلین مشتاق، بائولنگ کنسلٹنٹ شان ٹیٹ اور خود شاہین شاہ آفریدی کے ان کے پہلے اوور کے حوالے سے پیغامات شامل ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کے پاس بائولنگ کروانے کی خداد صلاحیت ہے اس کو پتا ہے کہ مجھے کہا پر گیند پھینکنی ہے۔محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع ہوتی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی پہلے اوور میں کچھ نہ کچھ کرے گا۔ مینجمنٹ، فینز اور دیگر کھلاڑی بھی وکٹ کے منتظر ہوتے ہیں۔کوچ ثقلین مشتاق نے کہا کہ شاہین آفریدی تیز گیند پھینک کر آنکھوں میں دھول جھونک دیتا ہے، شاہین کا پہلا اوور ایسا لگتا ہے کہ جیسے وہ میزائل چھوڑے گا۔بائولنگ کنسلٹنٹ شان ٹیٹ کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی بہادر ہیں جو پہلے اوور میں فل ٹاس کرتے ہیں، وہ رسک لیتے ہیں اور بیٹسمین مس کر دیتے ہیں۔شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ نئے گیند کو ایسے استعمال کرنا چاہتا ہوں کہ جس سے ٹیم کو فائدہ ہو، میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ جلدی آئوٹ کروں۔

مزیدخبریں