کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ موجودہ افراتفری کے کچھ جوابات عدلیہ کے پاس ہیں۔ روس سے تیل کی فراہمی اسی ماہ شروع ہو جائے گی۔ گیس سب سے پہلے غریبوں کو ملے گی ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں پی ایس او ہاو¿س میں پٹرولیم ڈیلرز اور کراچی چیمبر میں تاجروں و صنعت کاروں سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ مصدق ملک نے مزید کہا کہ کراچی میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا گیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ سحر و افطار کے اوقات میں صارفین کو بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھی جاسکے۔ اس سلسلے میں ہماری گورنر سندھ سے بھی بات ہوئی ہے۔ سیاسی اور عدالتی حالات پر ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کی کچھ ذمہ داری سپریم کورٹ پر بھی ہے، بینچوں کی تشکیل پر عدالت کے اپنے اندر اتفاق نہیں، سیاستدانوں کو کٹہرے میں لایا جارہا ہے۔ سپریم کورٹ میں بے چینی پھیل رہی ہے تو ان سوالات کے جوابات سپریم کورٹ کے پاس ہیں۔ ایک فل کورٹ بنادیں تو اس میں کیا حرج تھا۔ مصدق ملک نے کہا کہ عدلیہ کے اندر جو کچھ ہورہا ہے، ہم سے تو پوچھا جاتا ہے، لیکن ان ججز سے بھی پوچھیں، آئین کی پاسداری کی ذمہ داری سپریم کورٹ کے ججز پر بھی ہے، یہ جو افرا تفری ہو رہی ہے، اس کے کچھ جوابات عدلیہ کے پاس ہیں اور ان کو اس کا جواب دینا چاہیے۔ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے سندھ کی گیس پنجاب منتقل کرنے کی تردید کی ہے۔ ایس ایس جی سی سے میٹنگ میں صنعتکاروں کی تجاویز پر بات ہوئی۔ کراچی میں صنعتکاروں، سندھ حکومت کی قیادت سے آج ملاقات کروں گا۔ گیس سب سے پہلے غریب طبقے کو ملے گی۔