لاہور (خبر نگار) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے سابق وفاقی وزیر زرتاج گل، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور سابق وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کو طلب کر لیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق زرتاج گل کو ان کے حلقے کے ترقیاتی کاموں میں کمیشن لینے کے حوالے سے تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (3) سکیموں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ اینٹی کرپشن نے زرتاج گل، ہمایوں اخوند اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو 10 اپریل کو طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ تونسہ میں بھارتھی سے کھرڑ بزدار تک 70 کروڑ روپے کی لاگت سے 50 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے اینٹی کرپشن نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 10 اپریل کو طلب کر لیا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے محکمہ ہائی وے کے افسران اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے کرپشن کی۔ تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال سے سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں۔ عثمان بزدار کی ذاتی رہائش گاہ پر کروڑوں روپے کی لاگت سے سرکاری فنڈ سے کثیر مقصدی ہال بھی تعمیر کیا گیا۔ عثمان بزدار نے اپنے فرنٹ مین اور قریبی رشتہ دار ڈاکٹر اعجاز لغاری کو ٹھیکوں کی مد میں کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا۔ سابق وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سکیموں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے 8 اپریل کو طلب کر لیا گیا۔ ہاشم جواں بخت نے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے من پسند ٹھیکے داروں کو مارکیٹ ریٹ سے زیادہ پر ٹھیکے دیئے۔
زرتاج‘ بزدار طلب