اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے پنجاب میں انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ پنجاب میں پولنگ 14 مئی کو ہو گی۔ ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل ہے۔ اپیلوں پر فیصلہ 17 اپریل تک کیا جائے گا۔ امیدواروں کی لسٹ شائع کرنے کی آخری تاریخ 18 اپریل ہو گی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19 اپریل ہو گی۔ انتخابی نشانات 20 اپریل کو الاٹ کئے جائیں گے۔ انتخابات کیلئے نئے کاغذات نامزدگی وصول نہیں کئے جائیں گے۔ پرانے شیڈول کے تحت جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لگایا جا سکے گا۔ الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا۔ ای سی پی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کی تیاریاں بحال کر دیں۔ ذرائع الیکشن کمشن کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہو گا‘ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وفاقی اور نگران پنجاب حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔ انتخابی عملہ کی تربیت کا عمل بھی بحال کر دیا گیا۔ الیکشن کمشن جلد ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کرے گا۔
پنجاب میں انتخابات ، الیکشن کمشن نے شیڈول جاری کردیا
Apr 06, 2023