بیجنگ (شِنہوا) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کے تعلقات غیر جانبدارانہ، عدم تصادم اور کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہ بنانے کے اصول پر مبنی ہیں۔ روس کے وزیر اعظم میخائل میشوستن سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان کی سٹریٹجک رہنمائی کے تحت چین اور روس کے درمیان نئے دور کے رابطوں کی جامع سٹریٹجک شراکت داری نے اعلی سطح ترقی کو مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے کہا صدر شی جن پنگ کے روس کے حالیہ کامیاب دورے کے دوران انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ مشترکہ طور پر دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے لئے ایک نیا خاکہ تیار کیا ہے جو دو طرفہ تعاون کے لئے ایک نئی راہ ہے۔ میشوستن نے کہا کہ چین اور روس کے تعلقات بین الاقوامی قوانین اور اجتماعیت کے اصولوں پر قائم ہیں جو کہ عالمی امن اور استحکام کے لئے ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت یہ تعلقات تاریخی بلندی پر ہیں اور صدر شی کا حالیہ دورہ روس مکمل طور پر کامیاب رہا جس نے چین۔ روس تعلقات کے ایک نئے دور کا آ غاز کیا ہے۔