فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک اور ایک فرار ہو گیا۔ تھانہ ساہیانوالہ پولیس نے 147 ر ب کے قریب ناکہ بندی کے دوران موٹر سائیکل سوار دو مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ جھنگ روڈ پر چوہلہ پلی کے قریب ڈاکوئوں نے تعاقب میں آنے والے افراد پر فائرنگ کر دی جبکہ جوابی فائرنگ میں دونوں ڈاکو شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 ٹیم نے دونوں زخمی ڈاکوئوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر آصف ولد مختار جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی اشفاق ولد گلزار ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔