خیبر پی کے حکومت کی 1109 سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی تنخواہیں روکنے کی سفارش

Apr 06, 2023

پشاور (نوائے وقت رپورٹ)خیبر پی کے کی نگران حکومت نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز پروجکیٹ کی سرگرمیاں روک دیں اور صوبائی محکمہ خزانہ کو تنخواہیں روکنے کیلئے خط ارسال کردیا۔محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے محکمہ خزانہ کو بھیجے گئے خط کے مطابق اے ڈی پی اسکیم کے تحت محکمہ اطلاعات نے 1109 سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو تعینات کیا، حکومتی اقدامات اور عوامی آگاہی کے لیے پروجیٹ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ صوبائی اسمبلی کی تحلیل، نگران حکومت کے قیام کے بعد صوبے میں غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کا منصوبہ اپنی مطابقت کھو چکا ہے۔ الیکشن کمشن نے نئے پروجیکٹس اور بھرتیوں وغیرہ پر بھی پابندی لگا دی ہے تاہم نگران حکومت منصوبے کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے قانون، قواعد و ضوابط کا پابند نہیں، منصوبے کا جاری رہنا سرکاری خزانے کے وسائل کا ضیاع ہے۔خط میں سفارش کی گئی ہے کہ منصوبے کی تمام سرگرمیاں بند ہیں، اس لیے انفلوئنسرز کی تنخواہوں سمیت تمام اخراجات روک دیے جائیں۔ نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ انفلوئنسرز کا کام ایک تھا اور کام کسی اور ایجنڈے پر کر رہے تھے۔ نگران حکومت کو ان انفلوئنسرز کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

مزیدخبریں