پاکستانی فلم اور ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ شیری شاہ نے اداکار و ہدایت کار شمعون عباسی سے شادی کی تصدیق کردی۔اداکارہ شیری شاہ نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر شمعون عباسی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارک باد دی۔یاد رہے کہ شمعون عباسی اور شیری شاہ کی شادی کی افواہیں گزشتہ سال سے گردش میں تھیں، تاہم اب تک دونوں اداکاروں کی جانب سے باقاعدہ شادی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔اداکارہ نے لکھا کہ میں ’آپ کے بارے میں بہت سی چیزوں کی معترف ہوں، آپ کی طاقت، پرسکون طبعیت، کردار اور دیانت داری، مزاح، خوبصورتی کو سراہنے کا انداز، آپ کی وجہ سے میری زندگی حسین ہو گئی ہے۔ ’ انہوں نے مزید لکھا کہ ’جب آپ قریب ہوں تو ہر مشکل آسان ہے، میں آپ کو اپنے جیون ساتھی کے طور پر پا کر بہت خوش قسمت محسوس کررہی ہوں، سالگرہ مبارک ہو شمعون عباسی!‘گزشتہ سال بھی شیری شاہ نے شمون عباسی کے ساتھ تصویر شئیر کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’میری زندگی میں آپ جیسے شخص کا ہونا سب سے بڑی نعمت ہے‘۔دوسری جانب شمعون عباسی نے ایک روز قبل اپنی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام پر اپنی پرانی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری 50 ویں سالگرہ پر مجھ سے پوچھا گیا کہ میں آج کیسا محسوس کر رہا ہوں؟ میں نے کہا کہ ہم اپنی پوری زندگی کسی چیز کو حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں اور اس کے اختتام پر پرامن محسوس کرتے ہیں۔‘انہوں نے لکھا کہ ’ اللہ نے مجھے وہ ہر چیز دی ہے جس کا میں نے خواب دیکھا تھا’۔کچھ روز قبل شمعون عباسی نے انسٹاگرام پر شیری شاہ کے ساتھ تصویر شئیر کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’میرا سفر کہیں اور سے شروع ہوا لیکن دعا ہے کہ یہ سفر آپ کے ساتھ ختم ہو۔‘شمعون عباسی نے اداکارہ جویریہ عباسی سے پہلی اور حمائمہ ملک سے دوسری شادی کی تھی تاہم دونوں شادیاں کامیاب نہ ہو سکیں۔جویریہ عباسی اور شمعون عباسی نے نوجوانی میں 1997میں شادی کی تھی تاہم دونوں نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی، جو اس وقت اداکاری کرتی دکھائی دیتی ہیں اور وہ اپنی والدہ کے ہمراہ رہتی ہیں۔جبکہ 2010 میں شمعون عباسی نے اداکارہ حمائمہ ملک سے شادی کی تھی جو صرف 3 سال ہی چل سکی اور اس جوڑے نے 2013 میں اپنے راستے الگ کرلیے تھے۔حمائمہ ملک نے شمعون عباسی پر گھریلو تشدد کے الزامات بھی لگائے تھے تاہم شمعون عباسی نے ان تمام الزمات کی تردید کردی تھی۔حمائمہ ملک نے لکھا تھا کہ ’اگرچہ اس کو کئی سال گزر گئے، مگر وہ وقت اور درد بھرے دن رات اب بھی مجھے ڈراتے ہیں، میں اس وقت 19، 20 سال کی لڑکی تھی، جو اپنے خاندان کو بھی اپنے چیختے زخم نہیں دکھاسکی‘۔