بیونس آئرس : ارجنٹائن میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے خلاف ہزاروں افراد سراپا احتجاج ہیں،مظاہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے سے ملک میں بے روزگاری کا سیلاب آئے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاطینی امریکی ملک ارجنٹائن میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، سراپاء احتجاج مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کر کے ملک کو تباہ کر دیا۔مظاہرین نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے سے ملک میں بے روزگاری کا سیلاب آئے گا، مہنگے قرضوں کے بدلے سماجی اخراجات میں کٹوتی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
خیال رہے عالمی مالیاتی فنڈ اور ارجنٹائن کےدرمیان 50 ارب ڈالرز کے قرضے کےلیے 3 سالہ اسٹینڈ بائی معاہدہ طے ہوگیا ہے۔ادارے کے مطابق گزشتہ مہینے ارجنٹائن نے قرضے کےلیے ہم سے رجوع کیا تھا جس پر غور کرنے کے بعد ہم نے 3 سالہ اسٹینڈ بائی قرضہ دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن کی ملکی کرنسی کی قدر میں حالیہ عرصے کے دوران نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور امید ہے کہ 50 ارب ڈالرز کی یہ رقم اس کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں مدد دے گی۔