لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ اسرائیل نے رمضان کے مہینے میں مسجدِ اقصیٰ پر حملہ کیا، قوم دین پر ظلم کبھی برداشت نہیں کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیرِ موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں روایتی انداز سے اسرائیلی فوج مسجدِ اقصیٰ میں بربریت ڈھا رہی ہے۔ٹوئٹر پیغام میں مسجدِ اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے زرتاج گل وزیر نے کہا کہ میں اس کی شدید مذمت کرتی ہوں اور امتِ مسلمہ سے اس معاملے میں یکجا رہنے کی اپیل کرتی ہوں۔
رمضان کے مقدس مہینے میں روایتی انداز سے اسرائیلی فوج مسجد اقصی میں بربریت ڈھا رہی ہے۔ میں اس کی شدید مذمت کرتی ہوں اور امت مسلمہ سے اس معاملے میں یکجا رہنے کی اپیل کرتی ہوں۔ میں اس ضمن میں اسرائیل کے ساتھ روابط استوار کرنے کا کہنے والے گمراہ پاکستانیوں کو بھی متنبہ کرتی ہوں کہ… pic.twitter.com/qdkVuQgMFT
— Zartaj Gul Wazir (@zartajgulwazir) April 5, 2023
پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل وزیر نے اسرائیل سے پاکستان کے سفارتی تعلقات کی بحالی کے امکانات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ضمن میں اسرائیل کے ساتھ روابط استوار کرنے کا کہنے والے گمراہ پاکستانیوں کو بھی متنبہ کرتی ہوں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسرائیل کی پولیس نے مقبوضہ فلسطین میں مسجدِ اقصیٰ پر ایک بار پھر حملہ کیا جس کے دوران طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا گیا۔ حملے کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
گزشتہ روز اسرائیلی پولیس نے درجنوں عبادت گزاروں کو مسجدِ اقصیٰ سے ہٹا دیا جبکہ روزہ دار رکاوٹیں لگا کر مسجد کے اندر عبادات کر رہے تھے۔ کشیدگی کے دوران غزہ کی پٹی سے بھی اسرائیل پر راکٹ فائر کیے گئے۔