لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور منظم جرائم میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ سمگلنگ و ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، سی پیک اور نان سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی متعلقہ سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے۔ فیلڈ پٹرولنگ کو مزید بہتر بنائیں، مانیٹرنگ بیسڈ پولسینگ سے سمگلنگ و ذخیرہ اندوزی میں ملوث سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کریں، قبضہ مافیا میں ملوث عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کریں اور ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں۔ عید کے بعد صوبہ بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، اضلاع اس حوالے سے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔ اشتہاریوں، عادی مجرمان کی گرفتاری کیلئے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بین الصوبائی و دریائی چیک پوسٹوں سے مانیٹرنگ و سرویلنس کو بہتر بنائیں، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مجرمان کیخلاف انسدادی کاروائیوں میں تیزی لائیں، دھاتی ڈور و پتنگوں کی تیاری و خرید و فروخت، منشیات کیخلاف کریک ڈاؤن مزید موثر بنائیں، اجلاس میں آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بریفنگز پیش کیں۔