لاہور(نامہ نگار)جمعۃ الوداع اور یوم القدس پر 5 ہزار افسران واہلکاروں نے سکیورٹی فرائض سرانجام دئیے۔جمعتہ الوداع کے اجتماعات پر 6ایس پیز،22ایس ڈی پی اوز،83ایس ایچ اوزاور260اپر سبارڈنیٹس سمیت 16سو سے زائد پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی فرائض سرانجام دیئے۔یوم القدس ریلیوں کی سکیورٹی پر 4ایس پیز،8ایس ڈی پی اوز،22ایس ایچ اوزاور138اپر سبارڈنیٹس سمیت 700سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہوربلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ جمعتہ الوداع کے اجتماعات اور یوم القدس ریلیو ں کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے۔ جمعتہ الوداع کے موقع پر نمازیوں اوریوم القدس ریلیوں کے شرکاء کی سکیورٹی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی گئی۔ متعلقہ پولیس افسران یوم القدس ریلیوں کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہے۔ ریلیوں کے شرکاء کو مقرر کردہ انٹری پوائنٹس سے ہی داخلے کی اجازت دی گئی۔ جمعتہ الوداع اور یوم القدس کے موقع پر سیف سٹیز اتھارٹی سے بھی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی۔ نماز ِ جمعہ کی ادائیگی اور یوم القدس ریلیوں کے دوران ڈولفن سکواڈ اورپولیس ریسپانس یونٹ کی ٹیمیں موثر پٹرولنگ کرتی رہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز ڈویژنل ایس پیزنے جمعتہ الوداع کے اجتماعات سے قبل سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات اہلکار وں کو نمازیوں کے انخلاء تک ڈیوٹی پوائنٹ نہ چھوڑنے کی ہدایت کی۔نمازیوں کی موٹر سائیکلوں، گاڑیوں کو مساجدوامام بارگاہوں سے مناسب فاصلہ پر پارک کروایا گیا۔ فلسطینی بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالے جانے والی ریلیوں کو بھی بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔ ریلیوں کے روٹ کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے تھے۔