لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر جمعتہ الوداع اور یوم القدس کے موقع پر پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر میں ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کرتے ہوئے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا۔عید سکیورٹی انتظامات کے تناظر میں مساجد، عبادت گاہوں، مذہبی مقامات کے اطراف سرچ آپریشنز اور پٹرولنگ بڑھا دی جائے، ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ ٹیمیں مساجد، عبات گاہوں، مارکیٹوں کے گرد موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ پر خاص توجہ دی جائے۔ جمعتہ الوداع کی مناسبت سے مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات سمیت صوبہ بھر کی سکیورٹی بڑھا دی گئی، مساجد، امام بارگاہوں، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر مجموعی طور پر74 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار، کمیونٹی رضا کار تعینات رہے، صوبائی داراحکومت لاہور سمیت صوبہ کی تمام 36 ہزار سے زائد مساجد، 2179 امام بارگاہ، 444 اقلیتی عبادت گاہوں کو بھرپورسکیورٹی فراہم کی گئی۔لاہور سمیت تمام اضلاع میں نمازجمعتہ الوداع کے اجتماعات، مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور یوم القدس ریلیو ں کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے، سیف سٹی مانیٹرنگ نیٹ ورک اور سی سی ٹی وی کیمروں سے حساس مقامات اور ریلیو ں کی سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی۔ شہریوں کے تعاون سے جمعتہ الوداع کی عبادات اور یوم القدس کی ریلیوں کا پر امن انعقاد یقینی بنایا گیا، حساس مساجد، امام بارگاہوں پر چیکنگ کیلئے 200 سی زائد واک تھرو گیٹ، 12 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز استعمال کئے گئے۔
عید سکیورٹی ‘ مساجد کے اطراف سرچ آپریشنز ‘پٹرولنگ بڑھا نے کاحکم
Apr 06, 2024