زہریلے خطوط: ججز کو ہراساں کرنے، انصاف پر مبنی فیصلوں سے روکنے کی کوشش، پی ٹی آئی 

Apr 06, 2024

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ججز کو زہریلے مواد پر مشتمل دھمکی آمیز خطوط کی ترسیل ججز کو ہراساں کرنے کی سازش ہے۔  ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مشتبہ خطوط کی ترسیل کے ذریعے ججزکو خوف اور دباؤ کا شکار کرتے ہوئے قانون و انصاف پر مبنی فیصلوں سے باز رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی ترجماں نے کہا کہ عدلیہ کے اندر سے غیرآئینی دباؤ اور مداخلت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کے بعد نظام عدل کو مزید دباؤ کا شکار کرنے والے عناصر کا تعین ناگزیر ہے۔  ترجمان نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو یکے بعد دیگرے 'مشکوک' لفافوں کی ترسیل اتنہائی سنجیدہ معاملہ اور عدلیہ پر براہِ راست حملہ ہے۔ معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات کرتے ہوئے عدلیہ پر حملہ آور عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔  تحریک انصاف عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور عدلیہ پر حملہ آور ہونے یا ججز کو دباؤ میں لانے کی کسی بھی کوشش کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔

مزیدخبریں