میڈیا ہاؤسز کے واجبات ادائیگی کیلئے عملی اقدامات کئے: وزیر اطلاعات

Apr 06, 2024

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ میڈیا ہائوسز کے واجبات کئی سالوں سے التواء کا شکار تھے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میڈیا ہائوسز کے واجبات کی ادائیگی کے لئے عملی اقدامات کئے، ای سی سی نے میڈیا ہائوسز کو واجبات کی ادائیگی کے لئے ضمنی گرانٹ کی منطوری دے دی ہے، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی، معیشت کے استحکام کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ باتیں انہوں نے جمعہ کو میڈیا تنظیموں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے عہدیداران سے الگ الگ ملاقاتوں میں کہیں۔ ملاقاتوں میں میڈیا ورکرز، صحافیوں، اخباری صنعت کو درپیش مسائل اور معاشی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزارت اطلاعات حکومت، صحافیوں اور میڈیا ہائوسز کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ صحافیوں کے علاج معالجہ کے لئے ہیلتھ کارڈ پر کام شروع کر دیا ہے، انہیں جلد ہیلتھ کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔ معاشی مشکلات ضرور ہیں لیکن وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت معاشی مسائل کے حل کے لئے پرعزم ہے۔ بلیک اکانومی ہمارا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اس موقع پر میڈیا تنظیموں نے حکومت کے معاشی بحالی کے تمام اقدامات میں بھرپور ساتھ دینے کا یقین دلایا۔ پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن نے بریفنگ دی۔

مزیدخبریں