ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ پیر محل (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) نواحی گائوں 520گ ب میں غربت، معاشی تنگدستی اور جوان بیٹیوں کے رشتوں کی رکاوٹ کے باعث آئے روز گھریلو جھگڑا 4 جانیں نگل گیا جبکہ مزید 2 کو تشویشناک حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کردیا گیا۔ نواحی گائوں 520گ ب کی رہائشی نازیہ بی بی زوجہ اصغر نے کہا کہ میرے خاوند اصغر نے چائے میں زہریلی چیز ملا کر مجھ سمیت بچوں کو پلا دی جس کے باعث ہماری حالت خراب ہوئی۔ زہریلی چائے پینے سے3 بیٹیاں 1بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 18 سالہ مدیحہ، 17سالہ ثانیہ، 12سالہ اقراء اور 7سالہ علی حسن شامل ہیں۔ گائوں کے مکینوں نے بتایا کہ اکثر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا رہتا تھا۔ گھریلو جھگڑے کے بعد خاوند نے اپنی بیوی، بچوں کو چائے میں زہریلی چیز ملا کر پلا دی، جس کی وجہ سے تمام افراد کی طبیعت خراب ہو گئی جن کو ریسکیو کے جوانوں نے تشویش ناک حالت میں فوری ڈی ایچ کیو ہسپتال شفٹ کیا۔ جس پر فوری پولیس کو بھی اطلاع کر دی گئی۔ نازیہ بی بی اور 16سالہ اقصیٰ کو سیریس حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کردیا گیا۔ گاؤں کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ دوسری جانب ڈسرکٹ پو لیس آفیسر عبادت نثار کے حکم پر متعلقہ تھانہ پولیس نے کھانے میں زہر ملانے والے اصغر علی کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ المناک واقعہ پر گائوں کی فضا سوگوار اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔