اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ جین میریٹ کی وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی نے ان کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے پی ایس ایل 9 کے کامیاب انعقاد پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔ ہائی کمشنر جین میریٹ نے محسن نقوی کو بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ محسن نقوی کی پی سی بی اور وزارت داخلہ میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل کے میچ دیکھ کر بہت انجوائے کیا اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور انگلینڈ کے میچوں سے شائقین کرکٹ محظوظ ہوں گے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ پاکستان مختلف شعبوں میں برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹی ٹونٹی سیریز دونوں ٹیموں کی ورلڈکپ کی تیاری میں معاون ثابت ہوگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا دونوں ملکوں کی ترقی میں خصوصی کردار قابل تعریف ہے۔ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، برطانوی ہائی کمیشن کے حکام اور وزارت داخلہ کے متعلقہ افسران بھی اس ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔