اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاکستان کے وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے درمیان پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحٰق ڈار کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی، بات چیت کے دوران دونوں اطراف نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور سیکیورٹی سمیت دوطرفہ امور کے وسیع معاملات زیر بحث آئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت میں علاقائی اہمیت کے مختلف امور جیسے کہ غزہ کی صورتحال، افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں وزارا نے دو طرفہ تعلقات میں موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔