لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام نے کسی جماعت کو واضح اکثریت نہ دے کر سب کو ملکر مسائل حل کرنے کا پیغام دیا ہے۔ لاڑکانہ میں عمائدین اور پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ انتخابات میں عوام نے سیاسی جماعتوں کو پیغام دے دیا ہے‘ عوام نے کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں دی‘ عوام چاہتے ہیں کہ سارے مل کر مسائل کا حل نکالیں۔ عوام کے مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے‘ مسائل کے حل میں منتخب نمائندوں کا اہم کردار ہے‘ منتخب نمائندے عوامی ضرورتوں کے مطابق مشاورت سے منصوبے ترتیب دیں۔ انتخابات میں مینڈیٹ دینے پر عوام کے مشکور ہیں‘ پاکستان معاشی اور سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں مشکل میں ہے۔ اب ہمیں عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہے۔ علاقے کے منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کی یقین دہانی بھی کرنی ہے۔ ہم نے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے مشترکہ حکومت بنائی۔ ہم 14 اپریل کو گڑھی خدا بخش میں بھٹو کی برسی منائیں گے۔
عوام نے کسی ایک جماعت کو اکثریت نہیں دی، ملکر مسائل حل کرنے کا پیغام دیا: بلاول
Apr 06, 2024