لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی اجلاس میں بشام واقعہ میں چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی گئی۔ پنجاب میں ترقیاتی پراجیکٹ پر کام کرنے والوں چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی پالیسی پر موثر عملدرآمد پر اتفاق ہوا اور پنجاب میں چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ سی پیک پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ماہرین کے تحفظ کے لئے فول پروف سکیورٹی پر بھی اتفاق ہوا اور جمعۃ الوداع کے حوالے سے ملک وقوم کی سلامتی اور امن و ترقی کے لئے دعا کی گئی۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ دہشت گردی پیچیدہ وار فیئر کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان آرمی اور دیگر سکیورٹی اداروں کے کردار کو سراہتی ہوں۔ امن و امان کے لئے تمام شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ اے پی ایس سانحے کے بعد تشکیل پانے والے نیشنل ایکشن پلان کی افادیت کو دنیا نے تسلیم کیا۔ نیشنل ایکشن پلان کو اپ گریڈ کرنا ہے اور موجودہ لوپ ہولز ختم کرنے ہیں۔ مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ سیاسی فاشزم بھی دہشتگرد ی کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ 9 مئی کو سیاسی دہشت گردی کے نتائج کو دنیا بھر نے دیکھا۔ ٹی ٹی پی جو نہ کرسکی وہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے کر دکھایا۔ سیاستدان کی حیثیت سے برے حالات اور مشکلات سے گزرتے ہوئے بھی کبھی 9 مئی جیسے واقعہ کا خیال تک نہیں آیا۔ پاکستان کی بات آتی ہے تو ہر چیز پس منظر میں چلی جاتی ہے۔ 9 مئی کی وجہ سے پیدا شدہ غیر یقینی اور عدم استحکام کی وجہ سے سرمایہ کار ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ معیشت کی بحالی اور قومی خوشحالی کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ لازمی تقاضا ہے۔ دہشت گرد ی اور سمگلنگ روکنے کے لئے 24/7 صوبائی سرحدوں پر چیک پوسٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہشت گردوں اور سمگلروں کے لئے راستے کھلے نہیں رکھ سکتے۔سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی برین واش کرنے کا سدباب ناگزیر ہے۔ سوشل میڈیا پر ملک وقوم کے مفادات کے تحفظ کے لیے بل جلد پیش کیا جائے گا۔ عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے لئے سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹ بنا رہے ہیں۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اشتراک کار اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔پنجاب میں دہشت گردی کے سدباب کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پنجاب کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا چیلنچ بھی درپیش ہے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف کی زیرصدارت سکول ایجوکیشن ریفامز کا جائزہ اجلاس بھی ہوا، پنجاب سکول انسپیکٹوریٹ، سٹینڈرڈآزڈ میٹرک ایگزیم بورڈ بنانے اورسکول ایجوکیشن کے تمام معاملات سنٹرل باڈی کے ذریعے چلانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ سکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا ''سکول اولمپکس'' کروانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے سی ای او، ڈی ای اوز، ڈی ڈی ای اوز کی سلیکشن کا جامع طریقہ کار پر عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر ضلع میں سی ای اوز ایجوکیشن کی تعیناتی کیلئے نیا میکنزم بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ درسی کتب کی فراہمی میں تاخیر قابل قبول نہیں۔ سرکاری سکولوں میں سپیشل بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔ یوم القدس پر پیغام میں مریم نواز شریف کہا ہے کہ یوم القدس پر فلسطینیوں کے عزم واستقلال کوسلام پیش کرتی ہوں ۔ آزادی کی خاطر جان قربان کرنے والے فلسطینی بھائیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ادھر پاکستان کی 19سال سے ناقابل شکست رہنے والی ڈیف کرکٹ ٹیم کو مریم نواز شریف نے کو وزیراعلی آفس مدعو کر لیا اورآمد پر پرتپاک استقبال اور شاندار پذیرائی کی گئی۔ وزیراعلی اپنی نشست چھوڑ کر کھلاڑیوں کے درمیان بیٹھ گئیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈیف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہا اور اشاروں کی زبان میں گفتگو کی۔ ڈیف کرکٹرز نے اشاروں کی زبان میں قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز شریف کے نام بیان کئے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کھلاڑیوں کو 38لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہر ڈیف کرکٹرکے لئے انعام کی رقم 2لاکھ سے بڑھا کر 5لاکھ روپے کر دی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈیف کرکٹرز کی فرمائش پر فوری طور پر کرکٹ گراؤنڈ مختص کرنے کا حکم دیا۔ ڈیف کھلاڑیوں کو پنجاب کے سرکاری محکموں میں جاب کے لئے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ کھلاڑیوں نے وزیراعلی کو شیر کا سنہری مجسمے کا ماڈل پیش کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف اور شرکاء نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تالیاں بجائیں۔ ڈیف کرکٹ ٹیم نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو دبئی ورلڈ کپ ٹرافی پیش کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کھلاڑیوں کی خواہش پر گروپ فوٹو اور الگ الگ تصاویر بھی بنوائیں۔ وزیراعلی مریم نوز شریف نے ڈیف کرکٹرز کی خواہش پر قائد محمد نواز شریف سے ملانے کا وعدہ کیا۔