پاکستان میں قتل وارداتیں، بھارت کو عالمی سطح پر جوابدہ ہونا چاہئے: دفتر خارجہ

Apr 06, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ماورائے عدالت علاقائی ہلاکتوں کا بھارتی نیٹ ورک اب ایک عالمی رجحان ہے، ان ہلاکتوں کے لیے مربوط بین الاقوامی ردعمل کی ضرورت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے 25 جنوری 2024 کو پاکستانی سرزمین پر دو پاکستانی شہریوں کے قتل سے بھارتی ایجنٹس کے تعلق کے معتبر شواہد شیئر کیے تھے۔ ان کیسز نے پاکستان کے اندر ہندوستانی سپانسر شدہ دہشت گردانہ کارروائیوں کی بڑھتی ہوئی ڈھٹائی کو بے نقاب کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں کا پاکستانی سرزمین پر قتل پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ ان ماورائے عدالت اور ماورائے علاقائی قتل کے مجرموں، سہولت کاروں، مالی معاونین اور کفیلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا بہت ضروری ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے لیے بین الاقوامی سطح پر جوابدہ ہونا چاہئے۔

مزیدخبریں