نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی سپریم کورٹ نے گنجان آباد ریاست اترپردیش میں مسلمانوں کے مدرسوں پر الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے عائد کی گئی پابندی پر عمل درآمد روک دیا۔ کیس سے متعلق وکلا نے بتایا کہ بھارت کی عدالت عظمیٰ نے مدرسوں پر عائد پابندی پر عمل درآمد روک دیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں بچوں ور اساتذہ کو امید کی کرن نظر آئی ہے۔ سپریم کورٹ میں الہ آباد ہائی کورٹ کے 22 مارچ کے مدارس سے متعلق 2004 کے قانون کو کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جہاں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواستوں میں اٹھائے گئے مسائل ہماری نظر میں میرٹ کے قریب ہیں۔ وکلا نے بتایا کہ اپیلوں پر سماعت اب جولائی میں ہوگی اور اس وقت تک تمام فیصلوں پر سٹے ہوگا۔