اسلام آباد (نیٹ نیوز) انسانی ترقی کی فہرست میں پاکستان ہیٹی اور زمبابوے سے بھی پیچھے رہ گیا۔ سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ پاشا نے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے کہ جو انسانی ترقی میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں اور اب جبکہ ملک مسلسل قرض کے جال میں پھنستا جارہا ہے جس کے نتیجے میں مزید انسانی تباہی آئے گی، وہ عالمی بینک کے تحت منعقد کیے گئے پاکستان معاشی گول میز سیمینار سے خطاب کررہی تھیں جس میں دنیا بھر میں انسانی ترقی کے حوالے سے 203-24 کی رپورٹ پر روشنی ڈالی گئی۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہیٹی اور زمبابوے جیسے افریقی ممالک میں انسانی ترقی کی فہرست میں پاکستان سے آگے ہیں۔ اقوام متحدہ کی فہرست کے مطابق ایسے ممالک جو 119 سے 160 ویں نمبر کے درمیان ہیں انہیں انسانی ترقی کی فہرست میں وسطی ممالک سمجھا جاتا ہے جبکہ پاکستان اس سے بھی نچلی فہرست میں 164 ویں نمبر پر ہے۔ ڈاکٹر عائشہ پاشا کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت قرضوں کے جال میں پھنس چکا ہے اور اس کے پاس اتنے وسائل نہیں بچے ہیں کہ وہ انسانی ترقی پر خرچ کرسکے کیونکہ نیشنل فنانس کمیشن کے تحت صوبوں کو ان کا حصہ دینے کے بعد وفاق کے پاس اتنا پیسہ بھی نہیں بچتا کہ وہ لیے گئے قرض پر سود کی ادائیگی کرسکے۔ اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے پاکستان میں نمائندے سیموئل رزک نے کہا کہ صنفی معاملات، انسداد غربت کیلئے پاکستان کی کارکردگی انتہائی خراب ہے۔ ماہر معاشایات قیصر بنگالی نے کہا صوبائی یا قومی اسمبلی کا ایک بھی رکن اس بنیاد پر الیکشن نہیں ہارا، حالانکہ اس نے اپنے علاقہ میں تعلیم کیلئے کچھ نہیں کیا۔