لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ آج پوری دنیا فلسطینی مجاہدین اور عوام کی جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کر رہی اور اسرائیل کی درندگی، سفاکیت کے خلاف ہوچکی ہے۔ اس لئے پورا یقین ہے کہ عنقریب فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی بربادی یقینی ہونی ہے۔ وہ مرکزِ توحید و سنت گلبرگ مرکزی جامع مسجد منار الہدیٰ میں جمعۃ الوداع کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ حکمرانوں کو کھل کر آزادی فلسطین کا پرچم بلند کرنا چاہئے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین پر مسلم حکمرانوں کی لاپرواہی کی شدید مذمت کرتے کہا کہ شاید ان کے دل پتھر ہو چکے ہیں۔ ان کو فلسطین کے تڑپتے اور بلکتے معصوم بچے، چلاتی خواتین اور شہداء کی لاشیں نظر نہیں آتیں۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام پر ظلم در اصل پورے عالمِ اسلام اور انسانیت پر ظلم ہے۔ ہمارے حکمران اور عوام اسرائیل اور اس کے حمایتیوں کے خلاف علمی اقدامات کریں۔ عید کے اجتماعات میں ان سے اظہارِ یک جہتی کریں۔