لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطین کے مسئلہ پر اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی جائے اور فلسطینیوں کو اسرائیلی دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرے۔ بڑی قوتیں مسلمانوں کے مقابلہ میں متحد ہیں تو مسلم حکمران اور سیاستدان ایک کیوں نہیں ہیں؟۔ قبلہ اول سے ناجائز ریاست کا قبضہ ختم کروانا بہت ضروری ہے۔ فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت پر امت مسلمہ کے حکمرانوں کی خاموشی بڑا جرم ہے۔ جامعہ ابراہمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تقریبا 35 ہزار سے زیادہ فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں، غزہ کے مسلمان بے سرو سامان کھلے آسمان کے نیچے آواز حق بلند کیے ہوئے ہیں۔مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان فلسطینیوں کی بھرپور امدادکررہی ہے ۔انہوں نے عالم اسلام کے حکمرانوں سے اپیل کی ہے کہ باہمی اختلافات بھلا کر امت کی خاطر متحد ہو جائیں اور اسرائیل کے خلاف اعلان جہاد کیا جائے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا پاکستان کے مسلمان بیت المقدس کی آزادی کے لئے اپنی جان ومال قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔
قبلہ اول پر ناجائز ریاست کے قبضہ کا خاتمہ کرانا ناگزیر: ساجد میر
Apr 06, 2024