راولپنڈی(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی اس موقع پر وزیر دفاع نے کہا کہ پاک۔ جاپان سفارتی، عسکری اور اقتصادی تعلقات ایک دوسرے کے لیے خیر سگالی اور باہمی اعتماد کے اصولوں پر مبنی ہیں۔انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ جاپان پاکستان میں معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کے ساتھ ساتھ میری ٹائم اور صنعتی مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری لانے میں مدد کرے گا۔وفاقی وزیر نے پاکستان اورجاپان سیاسی،فوجی اور ملٹری ٹو ملٹری ڈائیلاگ کے باقاعدہ انعقاد پر جاپانی حکومت کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے رابطے دونوں ممالک کی باہمی دفاعی تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا ٹھوس اظہار ہیں۔معزز مہمان نے پاکستان کو اپنی حکومت کی جانب سے تعاون جاری رکھنے اور باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کا یقین دلایا۔