جمعۃ الوداع مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغاسیدحسین مقدسی کی خصوصی ہدایت پر قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے  قائم کردہ عالمی یوم القدس حمایت مظلومین جمعۃ الوداع کو دنیابھرکی طرح وطن عزیزپاکستان میں مظلومین عالم سے اظہار یکجہتی کے جذبے کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پروفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھرکے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی،مظلومین کشمیر و فلسطین کی حمایت، صیہونی وبھارتی بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، علمائے کرام اور واعظین نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ القدس شریف نہ صرف اسلام بلکہ تمام انسانیت کے نزدیک قابلِ احترام ہے جو شعائر اللہ میں شامل ہے،اس کی عزت و حرمت اورصیہونی پنجوں سے بازیاب کرانا تمام عالم اسلام کا شرعی و ایمانی فریضہ ہے ۔سربراہ ٹی این ایف جے علامہ آغاسیدحسین مقدسی نے جامع مسجداہلبیت واہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج ماہِ مبارک صیام کا آخری جمعہ ہے جسے یوم القدس حمایتِ مظلومین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر عرصہ دراز سے منایا جاتا ہے۔انہوں نے باورکرایاکہ امورِ مسلمین سے غفلت اور لاپرواہی کرنے کی وجہ سے عالمِ اسلام زبوں حالی کا شکار ہے، مظلومین و محرومین کے لئے آواز احتجاج بلند کرنا نہ صرف اسلامی نظریہ ہے بلکہ انسانی ہمدردی کا اہم ترین تقاضا بھی ہے۔

ای پیپر دی نیشن